کاروار:12/جنوری (ایس او نیوز)سوامی وویکانند کے جنم دن کو قومی سطح پر یوتھ ڈے کے طورپر مناتے ہوئے ضلعی انتظامیہ ، ضلع پنچایت، یوتھ اینڈ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ ، محکمہ کنڑا اور تہذیب ، محکمہ تعلیمات عامہ ، ڈگری اور پی یو کالجس، ضلع قانونی خدمات بورڈ ، ضلع یوتھ فیڈریشن سمیت کئی ایک اداروں کے اشتراک سے ضلع یوتھ فیسٹول پروگرام کاافتتاح ہوا۔
اس موقع پر پروگرام کاافتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے مقامی رکن اسمبلی ستیش سئیل نے کہاکہ سوامی وویکانند نے بیرونی ممالک میں بھارت کی شان بڑھاتے ہوئے بھائی چارگی کا پیغام پہنچانے والے مہا پرش ہیں۔ امریکہ کے چکاگو میں منعقدہ عالمی بین مذاہب پروگرام میں وویکانند نے تاریخی خطبہ دیاہے، بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے عظیم اور بلند و بالا باتیں پیش کرتے ہوئے ملک کو وقار بخشا تھا۔ ان کی زندگی نوجوانوں کے لئے ایک مشعل راہ ہونے کاخیال ظاہر کیا۔ سرکاری ڈگری کالج کے پروفیسر ڈاکٹر وینکٹیش گری نے مقالہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ سوامی وویکانند کا مطالعہ کرنےسے نوجوانوں کی زندگی میں حوصلہ وہمت پیدا ہوتی ہے، انہوں نے صرف 39سالہ زندگی میں عالمی انسان، عالمی فاتح کا خطاب پایا۔ سنئیر سول جج اور ضلع قانونی خدمات بورڈ کے سکریٹری دویندر پنڈت نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان نشیلی اشیاء کے عادی بنتے جارہے ہیں، مختلف ویب سائٹس کے ذریعے غلط راہوں کواختیار کرنے پر تشویش کا اظہارکیا۔ ضلع پنچایت آفیسر ایل چندرشیکھر نایک نے پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ سوامی وویکانند صرف بھارت کے لئے نہیں بلکہ ساری دنیا کے لئے ایک مثال ہیں۔ رام کرشنا آشرم کے بھاویشانند سوامی ، تعلیمات عامہ محکمہ کے نائب ڈائرکٹر رام کرشنا نایک ڈائس پر موجود تھے۔ محکمہ یوتھ کی معاون کمشنر گایتری نے استقبال کیا۔ پرکاش روینے کر نے شکریہ اداکیا۔
سوامی وویکانند کے جنم دن کی مناسبت سے ضلع بھر میں 19جنوری تک یوتھ وویک کو ڈی سی ، ایس ایس نکول نے ہری جھنڈی دکھائی۔ جاتھا ریلی میں اسکول، کالج کے طلبا و طالبات شریک تھے۔ ریلی ڈی سی دفتر کے صحن سے شروع ہوکر کورٹ سرکل، سبھاش سرکل سےہوتےہوئے ضلع رنگ مندر پہنچ کر اختتام کو پہنچی ۔